لاہور(پی این آئی)حکومت کی جانب سے 40 ہزار، 25 ہزار، 15 ہزار اور 7500روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کیلئے دی گئی مہلت 31 دسمبر کو ختم ہوجائے گی۔واضح رہے کہ چاروں پرائز بانڈزکی قرعہ اندازی بند ہوگئی ہے اور اب جن شہریوں کے پاس یہ بانڈز ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ان پرائز بانڈز کو کیش کرنے یا پریمیم بانڈز میں منتقل کرنے کیلئے بینکوں سے رابطہ کریں۔
اس ضمن میں حکومت متعدد بار ڈیڈ لائن میں توسیع بھی کرچکی ہے، ستمبر میں آخری تاریخ ختم ہونے سے قبل 3 ماہ کی توسیع کردی گئی تھی جو 31دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی صورتحال واضح نہیں ہے کیونکہ بعض پرائز بانڈز کیلئے اچھا خاصا وقت دیا جاچکا ہے، اس لئے تمام پرائز بانڈز کی واپسی میں مزید مہلت مشکل نظر آرہی ہے البتہ بعض پرائز بانڈز واپسی کیلئے مزید توسیع ہوگی۔خاص طور پر 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی واپسی کیلئے ڈیڈلائن میں توسیع کا امکان نہیں البتہ دیگر پرائز بانڈز واپسی کیلئے مزید مہلت دی جاسکتی ہے۔حکومت نے 40ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی خرید وفروخت 24 جون 2019 کو بند کردی تھی جسے تبدیل کرنے کی آخری تاریخ 30 مارچ 2020 مقرر کی گئی تھی اور 9 دسمبر 2020 کو 25ہزار روپے مالیت جبکہ 15ہزار اور ساڑھے 7 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز 29اپریل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مجموعی طور پر اب تک 4 پرائز بانڈز بند کئے جاچکے ہیں اور 4 پرائز بانڈز کی معمول کے مطابق خرید وفروخت اور قرعہ اندازی ہورہی ہے جن میں 100روپے، 200روپے، 750روپے اور 1500روپے مالیت کے پرائز بانڈز شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں