آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس،ایڈھاک ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ دو ہفتے میں حل کر لیا جائے گا، وقفہ سوالات میں جواب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے ایوان کو بتایا کہ تعمیر نو پروگرام کے تحت مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد5-میں کل نو (09) ہیلتھ یونٹس تعمیر کیے جانے تھے، جن میں سے سات (07) ہیلتھ یونٹس مکمل ہو کر محکمہ صحت عامہ کے حوالے ہو چکے ہیں۔

بیسک ہیلتھ یونٹ کوہالہ کا تعمیراتی کام بوجہ عدم فراہمی فنڈز تاحال شروع نہیں کیا جا سکا نیز یہ امر قابل ذکر ہے مطابقاًحکومتی پالیسی زلزلہ 2005 ء سے متاثرہ مراکز صحت کی تعمیر ایر اء کے تعمیر اتی Portofolioکے تحت DRU-SERRA نے کرنی ہے۔ ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کے سوال کے جواب پر وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے ایوان کو بتایا کہ ایڈھاک ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ دو ہفتے میں حل کر لیا جائے گا۔ ممبر اسمبلی چوہدری عامر یاسین کے سوال پر جواب دیتے ہوئے وزیر ٹیوٹا و تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے ایوان کو بتایا کہ راولاکوٹ میں پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی عمارت میں میڈیکل کالج شفٹ ہونے کے بعد ٹیکنیکل کالج کے لئے عمارت کرایہ پر لی گئی ہے۔ ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب کے توجہ طلب نوٹس پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ قائد ایوان سردار عبدالقیوم نیازی کی ہدایت کے مطابق شعبہ تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

کورونا وباء کی وجہ سے کافی عرصہ سے محکمہ تعلیم میں معمول کے تبادلے نہیں ہو سکے، تدریسی نظام کی بہتری کیلئے پالیسی کے تحت ٹیچرز کے تبادلے ہوئے ہیں۔ ٹیچرز کی حاضری کو بہتر بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کو بہتر کیا جارہا ہے ممبر اسمبلی سردار محمد یعقوب خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق نے ایوان کو بتایاکہ علی سوجل بازار سے چورہ گلی تک15کلو میٹر روڈ کی ری کنڈیشننگ کا کام ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے 2016میں شرو ع ہوا اور2018میں مکمل ہوا۔ کھائی گلہ سے علی سوجل تک سڑک مذکورہ بالا ٹھیکہ کے سکوپ میں شامل نہ تھی۔اس حوالہ سے ٹینڈرز کی کاپیاں ایوان میں فراہم کر دی جائیں گی۔ ممبراسمبلی سردار جاوید ایوب کے سوال پر چوہدری اظہر صادق نے ایوان کو بتایا کہ پٹہکہ نصیر آباد تا بھیڑی سترہ کلو میٹر روڈ کا ورک آرڈر رقمی 102.624 ملین روپے کا جاری ہوا تھا اور 128.392 ملین روپے کی لاگت سے کام مکمل ہوا۔متذکرہ سڑک کا کام منظور شدہ سکوپ اور بمطابق تصریحات مکمل کروایا گیا ہے۔

ابتدائی ورک آرڈر ٹھیکیدار کو پی سی ون کی لاگت سے کم اجراء ہوا۔ منصوبہ ہذا کے Savingرقمی 25.768 ملین روپے کے خلاف موقع کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ارتھ ورک اضافی دیواری بندی اور پی سی شولڈر کا کام کروایا گیا۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی شاہ غلام قادر اور چوہدری قاسم مجید کی تحاریک التواء ایوان نے اتفاق رائے سے بحث کیلئے منظور کر لیں جن پر آئندہ اجلاس میں بحث کی جائیگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close