عالمی ادارہ خوراک و زراعت کا وفد آزادکشمیر پہنچ گیا، وفدزراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں جاری فیلڈ سرگرمیوں کاجائزہ لے گا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) عالمی ادارہ خوراک و زراعت کا وفد تین روزہ دورے پر آزادکشمیر پہنچ گیا۔ وفد کے دورے کامقصدزراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں محکمہ جات کی جانب سے جاری فیلڈ سرگرمیوں کاجائزہ لینا ہے۔ وفد میں ڈاکٹر افضل، ڈاکٹر شکیل، ڈاکٹر مبارک اور فیض الباری شامل ہیں۔ دورہ کے پہلے مرحلہ پر وفد کو نظامت اعلیٰ زراعت میں بریفنگ دی گئی جس میں ناظم اعلیٰ زراعت آزادکشمیرخواجہ خورشید لون، ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک ڈاکٹر اعجاز احمد خان کے علاوہ دونوں محکمہ جات کے ڈائریکٹر صاحبان اور سینئر آفیسران نے شرکت کی۔

دوران بریفنگ دونوں محکمہ جات کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اس مو قع پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے عمل پر زور دیا گیا کیونکہ آزادکشمیر میں مداخل پیداوار کی فراہمی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے بہتر طور پر عمل میں لائی جا سکتی ہے اور اس سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ وفد کے نمائندگان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آزادکشمیر میں زرعی زمین کم ہے محکمہ گندم و مکئی کی فصل کے علاوہ سبزیات، پھلوں اور موسمی پھولوں کی کاشت و افزائش پر فوکس کرے اور اس مقصد کے لیے قابل عمل منصوبہ جات کی تجاویز تیار کرے جس کے لیے عالمی ادارہ خوراک و زراعت کی معاونت سے فنڈنگ حاصل کی جائے گی۔

محکمانہ بریفنگ کے بعد FAO کے وفد نے سبزیاتی فارم پٹہکہ کا دورہ بھی کیا جہاں وفد نے کاشتکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حل تجویز کیے۔دریں اثناء وفد نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام قائم ہڑامہ نرسری کا دورہ کیا۔وفد نے سب ڈویژن پٹہکہ کو زعفران کی کاشت کے لیے بہترین علاقہ قرار دیا اور مستقبل میں اسے کمرشلائز کر کے آمدن کو بڑھانے اورکوآپریٹو فارمنگ کے اصول کو اپنانے کے لیے لوگوں کوآگاہی فراہم کرنے کی ضرور ت پر بھی زور دیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں