ملک عدنان نے وزیراعظم کی جانب سے ملنے والا ایوارڈ کس کے نام کر دیا؟ ایک بار پھر پوری قوم کے دل جیت لئے

اسلام آباد(پی این آئی)سیالکوٹ میں مقامی فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے بہیمانہ قتل کو روکنے کی جرات مندانہ کوشش کرنے والے ملک عدنان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ ایوارڈ مقتول کے بچوں اور پوری سری لنکن قوم کے نام کردیا۔سرکاری خبرایجنسی ‘اے پی پی’ کو انٹرویو میں ملک عدنان نے کہا کہ مجھے آج بہت فخر محسوس ہو رہا ہے اور اس دوران میں پوری قوم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جب بھی کہیں اس طرح کا موقع یا ایسے حالات پیدا ہوں تو ہمیں ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً اس واقعے کے بعد پوری قوم میرے ساتھ کھڑی ہوگئی ہے اور میں اپنی قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بنیادی طور پر میرے والدین اور اساتذہ نے یہ تعلیم دی ہے جب بھی کسی مظلوم پر کوئی ظلم کر رہا ہوتو اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، چاہے اپنی جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔ملک عدنان نے بتایا کہ میرے نبی پاک حضرت محمدﷺ کی حدیث ہے کہ جس نے ایک انسان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا، تو میں چاہتا تھا کہ انسانیت بچ جائے چاہے میری جان چلی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں