ایک ایک پائی عوام کی تعمیر و ترقی اور ریاست کی خوشحالی پر خرچ کریں گے، تعلیمی اداروں ،ایڈیشنل عدالت کے افتتاح سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب

عباسپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ اقتدار عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ملا ہے، ایک ایک لمحہ اور سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی تعمیر و ترقی اور ریاست کی خوشحالی پر خرچ کریں گے، ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنا پیٹ نہیں بھریں گے، تحریک انصاف کی حکومت آزاد کشمیر کے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسپور میں پوسٹ گریجویٹ کالج فار بوائز، پوسٹ گریجویٹ فار گرلز اور ایڈیشنل سیشن عدالت کے افتتاحی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرہائیرایجوکیشن ملک ظفرا قبال بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وز وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے عباسپور میں گرڈ اسٹیشن، ڈی ایس پی آفس اور فائر بریگیڈ یونٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عباسپور میں گزشتہ دس سالوں کے دوران عوامی فلاح و بہبود کا کوئی بڑا منصوبہ شروع نہ ہو سکا، عباسپور کی محرومیاں ختم کروں گا، 25 جولائی کو عباسپور والوں نے ووٹ کی پرچی سے اپنا حق ادا کیا، اب میرا فرض ہے کہ اس کا قرض اتاروں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہماری بچیاں گریجویشن کیلئے مظفرآباد یا اسلام آباد جاتی تھیں، لیکن اب وہ بچیاں یہاں اپنے شہر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گی، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ خواتین کا معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، خواتین کو با اختیار بنائیں گے تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ ریاست کی خدمت کر سکیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے۔قبل ازیں عباسپور آمد پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا ڈھول کی تھاپ اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو عباسپور پل سے اسسٹنٹ کمشنر کے آفس تک بڑی ریلی کی صورت میں لایا گیا۔ وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر اہلیان عباسپور کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close