اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپورٹس باڈیز سے مافیاز کا خاتمہ کردیا ہے، 50 لاکھ سے بھی کم آبادی والے نیوزی لینڈ میں 22 کروڑ کی آبادی والے پاکستان سے زیادہ گراؤنڈز ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کے دوران خیبر پختونخوا میں 300 اور پنجاب میں 260 نئے گراؤنڈز بنائے جا چکے ہیں۔
جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہماری حکومت میں نوجوانوں کو کھیلوں کے بھر پور مواقع فراہم کرنے کے لئے گراؤنڈز تیار کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اب تک300 اور پنجاب میں 260 گراؤنڈز بنا ئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے گراؤنڈزہونے چاہئیں کیونکہ کھیل ہار اور جیت کا مطلب سکھاتے ہیں، سپورٹس مین مشکل وقت سےگھبراتا نہیں اور دلبرداشتہ نہیں ہوتا ، نوجوان سپورٹس کے ذریعے مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے طلبہ کو سب سے زیادہ سکالر شپس دیں، اب تک 63 لاکھ مستحق نوجوانوں کو 47 ارب روپے کے وظائف دے چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سنٹر آف ایکسی لینس بنا کر ٹیلنٹ کو پروموٹ کیا جائے گا، حکومت سپورٹس باڈیز کی اصلاح کررہی ہے، نئی سپورٹس پالیسی متعارف کرائی گئی ہے اور پرانا سسٹم جس میں سپورٹس باڈیز میں مافیاز بیٹھے تھے کا خاتمہ کردیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے مشعل جلا کر سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کیا۔ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ میں چھ ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت چار ارب روپے کے چار نئے منصوبوں کا آغاز کیاگیا ہے ۔ سپورٹس ڈرائیو کے تحت 15 سے 25 سال کے نوجوان جن میں 2700 لڑکیاں بھی شامل ہیں، مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں