حالات مزید خراب، ایک بار پھر اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیدیا گیا

نئی دہلی(پی این آئی)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث ایک بار پھر اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے دارالحکومت نئی دہلی میں بدترین فضائی آلودگی پر ریاستی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رامانا کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ نہیں ہورہا، صرف قوت برباد کیا جارہا ہے اور فضائی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔سپریم کورٹ نے نئی دہلی کی حکومت کی جانب سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر بھی شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین اور چار سال کے بچے اس صورتحال میں اسکول جارہے ہیں اور بڑے گھروں میں بیٹھ کر کام کررہے ہیں۔عدالت نے نئی دہلی کی حکومت سے اسکولوں اور دفاتر سے متعلق واضح پالیسی بھی طلب کی ہے۔دوسری جانب عدالت کی سخت برہمی پر نئی دہلی کے وزیر ماحولیات نے کل سے ایک بار پھر اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر ماحولیات کا بھارتی خبر رساں ویب سائٹ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل بروز جمعہ سے نئی دہلی میں اسکول تاحکم ثانی بند رہیں گے۔واضح رہےکہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں