وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت زکوٰۃ منافع فنڈ کا اجلاس، زکوٰۃ منافع فنڈ کیلئے 11کروڑ 42 لاکھ سے زائد رقم کی منظور ی دے دی گئی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت زکوٰۃمنافع فنڈ کا اجلاس۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سمیت سیکرٹری زکوٰۃ و عشر سردار جاوید ایوب و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں زکوٰۃ منافع فنڈ کیلئے 11کروڑ بیالیس لاکھ سے زائد رقم کی منظور ی دی گئی۔ اجلاس میں زکوۃ جہیز فنڈ کو 12ہزار سے بڑھاکر50ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستحقین کو علاج معالجے کے لیے صر ف ان بیماریوں پر مدد کی جائیگی جو صحت سہولت کارڈ میں درج نہیں ہیں، آزادکشمیر کے تمام شہری ہیلتھ کارڈ کے ذریعے اپنا علاج مفت کروا سکتے ہیں۔

اجلاس میں مستحقین کے علاج معالجے کے معاملا ت یکسو کرنے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مصارف زکوۃ کے مطابق زکوۃ کی تقسیم یقینی بنائی جائے، زکوٰۃ مستحقین کیلئے ہے اس حوالہ سے ایسا میکنزم بنایا جائے کہ اسکا ایک ایک پیسہ مستحقین پر ہی خرچ ہو نا چاہیے اور شرعی اصولوں کے عین مطابق ہونا چاہیے۔ زکوٰۃ کا محکمہ جس مقصد کیلئے بنایا گیا ہے اس کو پورا کرنے کیلئے محکمہ کے افسران و اہلکاران محنت لگن اور تندہی سے کام کریں۔ ایک اسلامی فلا حی ریاست میں زکوٰۃ کا شفاف نظام ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا نظریہ انصاف پر مبنی معاشرہ ہے۔

معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی ترجمانی میرا اولین مقصد ہے۔ محکمہ مستحق افراد کو خو دتلاش کرے اور ان کی اعانت اور معاونت میں کوئی کسر نہ چھوڑے۔ غریب کا حق کھانے کی سخت سزا اور اللہ اور اسکے رسول کی ناراضگی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ محتاط انداز سے کام کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ زکوۃ کی وصولی کے لیے عوامی اعتماد حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ پالیسی بنائی جائے۔ زکوۃ کی منصفانہ تقسیم کے لیے شفاف نظام وضع کیا جائے۔ محکمہ اخراجات کم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد کی جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں