عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی بجائے حکومت نے اپنی طرف منتقل کر لیا، ذرائع

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رکھتے ہوئے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ خود لے لیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ یکم دسمبر سے پیٹرول کی موجودہ قیمت 145روپے 82پیسے اور ڈیزل کی قیمت 142روپے62پیسے برقرار رہے گی،

مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 116روپے 53پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر 114روپے 7 پیسے قیمت برقرار رہے گی۔ اس حوالے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر چار روپے فی لیٹر لیوی بڑھا دی جس کے بعد پیٹرول پر عائد لیوی 13روپے 62 پیسے اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی فی لیٹر 13روپے14 پیسے ہو گئی۔

ذرائع کےمطابق حکومت نے پیٹرول پر جی ایس ٹی صفر سے بڑھا کر 1.63فیصد کردیا ہے اورڈیزل پر جی ایس ٹی 7.2فیصد سے بڑھا کر 7.37فیصد کر دیا ہے۔ اس طریقے سے عوام پر اضافی بوجھ نہیں پڑا لیکن کوئی ریلیف بھی نہیں ملا اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حکومت نے اپنی جانب منتقل کر لیا اور لیوی اور سیلز ٹیکس کی مد میں زیادہ رقم جمع کر لی۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close