عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں سب سے بڑی یومیہ گراوٹ۔۔تیل کی قیمتیں دھڑام سے نیچے آگریں

نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ڈیڑھ سال کے دوران سب سے بڑی یومیہ گراوٹ، جنوبی افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے انکشاف کے بعد تیل کی قیمتیں 12 فیصد گر گئیں، یورپی اسٹاک مارکیٹس میں بدترین مندی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد مغربی ممالک کی مارکیٹس خوف اور غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے خدشات کی وجہ سے یورپی ممالک جمعہ کے روز شدید مندی کا شکار ہو گئی، جبکہ تیل کی عالمی مارکیٹ بھی طویل عرصے بعد بدترین مندی کا سامنا کر رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ڈیڑھ سال کے دوران سب سے بڑی یومیہ گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، خام تیل کی قیمتیں میں 12 فیصد گر گئیں۔امریکی خام تیل کی قیمت میں 7 ڈالر فی بیرل سے زائد کی کمی ہوئی جس سے فی بیرل قیمت 70 ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 8 ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے جس سے فی بیرل قیمت 73 ڈالرز کی سطح تک گر گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی اپریل 2020ء کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے جو کہ ڈیڑھ سال بعد ہوئی ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاو کے خدشات کے باعث دنیا کے کئی ممالک نے فوری طور پر 7 جنوبی افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہنگامی طور پر عائد کی گئی نئی سفری پابندیاں بھی مارکیٹ میں خوف اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سعودی عرب سمیت یورپی یونین کے 27 ممالک اور کئی ایشیائی ممالک نے بھی جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوٹسوانا، ایسواتینی، زمبابوے، مزمبیق سے پروازوں کی آمد و رفت فوری بند کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close