تیاری کر لیں، عمرہ کی ادائیگی کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی عازمین کو بھی خوشخبری سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان پر سے پابندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ سعودی اقامہ ہولڈرز اور عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری ہے، براہ راست سعودی عرب پروازوں پرپابندی ختم ہوگئی۔

وزیرمذہبی امور نے کہاکہ مسافروں پر 14 دن قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کردی گئی، اب مسافروں کو سعودی عرب میں 5دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستانی زائرین کیلئے عمرہ بحالی کی راہ ہموارہوگئی ہے، پابندی پر خاتمے کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا۔ ویکسین کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ سائنوفام،سائنوویک کے حامل افراد کو بوسٹر لگوانا ہوگی، سعودی حکام کی وضع دیگرایس اوپیزپرپابندی لازم ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پابندی کے خاتمے پر خادم حرمین شریفین کے شکر گزارہیں، زائرین کیلئے 5 دن قرنطینہ ختم کرانے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ رات پاکستان سمیت 6 ممالک پر عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سعودی گیزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، مصر، برازیل اور ویت نام کے شہریوں کو یکم دسمبر سے سعودی عرب براہ راست آمد کی اجازت ہو گی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے۔کرونا وائرس کی بھارتی قسم کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی حکومت نے پاکستان سے سعودی عرب مسافروں کی براہ راست آمد پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔ صرف ان افراد کو براہ راست سعودی عرب سفر کرنے کی اجازت تھی، جو سعودی عرب میں سعودی حکومت کی منظورہ شدہ ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے کے بعد بیرون ملک گئے۔

جبکہ وہ افراد جو پابندی والے ممالک سے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سہولت موجود تھی کہ وہ مملکت آنے سے قبل 14 دن کسی ایسے ملک میں قیام کریں جہاں سے مسافروں کے آنے پرپابندی نہیں ہےـ یہاں یاد رہے سعودی حکومت نے کرونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاو کی وجہ سے کئی ماہ قبل پاکستان کے علاوہ بھارت، ترکی، انڈونیشیا، مصر، برازیل، ایتھوپیا، ویتنام، افغانستان اور لبنان سے بھی مسافروں کی براہ راست سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔اس پابندی کے باعث پاکستان چھٹی پر آئے ہزاروں محنت کش پاکستانی سعودی اقامہ ہولڈرز اپنا روزگار چھن جانے کے خدشات سے دوچار تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close