تحریک انصاف حکومت نے قرضوں کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، آج ہر پاکستانی کتنے لاکھ کا مقروض ہو گیا؟ ہوشربا تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر پاکستانی کو 2 لاکھ 35 ہزار کا مقروض کردیا ہے، 3 سالوں میں ہر شہری پر قرضے میں63 فیصد اضافہ کیا گیا، ستر سالوں کے مقابلے میں صرف 3 سال میں مجموعی طور پر پاکستان کے قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کردیا گیا۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے ملکی قرضوں میں ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

تین سالوں میں پاکستان کے قرضے بڑھ کر 50 کھرب سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال میں مجموعی قومی قرض کا 70 فیصد پی ٹی آئی حکومت نے تین سال میں لے لیا۔ آج ہر پاکستانی 2 لاکھ 35 ہزار روپے کا مقروض ہوچکا ہے۔ اور یہ گزشتہ تین سال میں 63 فیصد کا اضافہ ہے۔قرض اور ادائیگیوں کا کل بوجھ 50 کھرب روپے کی حد عبور کرگیا ہے۔ اور یہ صورتحال قومی سلامتی کے لئے باعث فکر ہے۔ مزید برآں مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کا کل قرضہ اور واجبات 1947 سے 2018 کے درمیان پہلے 71 سالوں میں 30 کھرب تک پہنچ گئے۔ خان صاحب نے صرف 3 سالوں میں 20 کھرب کا اضافہ کیا۔ یہ ایسے شخص کی طرف سے آرہا ہے جس نے قرض کم کرنے اور کبھی بھیک نہ مانگنے کا وعدہ کیا تھا۔ اگلے 2 سالوں کا تصور کریں اگر وہ رہتا ہے۔

سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان کے قرضوں میں 70 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، وزیراعظم نے تقریر میں کہا قرض کا تعلق نیشنل سیکیورٹی سے ہے، آج ہر پاکستانی پر2 لاکھ 35 ہزار روپے قرضہ ہے، جون 2018 میں ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 44 ہزار روپے کا قرض تھا، 39 ماہ میں پاکستان پر واجب الادا رقم 50.5 کھرب تک پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close