پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان۔۔ لیکن کونسے پیٹرول پمپ بِلا تعطل کھلے رہیں گے؟ عوام کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور( پی این آئی) پیٹرول پمپس بند ہونے کی خبر میڈیا پر آتے ہی شہریوں میں بے چینی پھیل گئی اور پیٹرول پمپس پرگاڑیوں کی ٹینکی فل کرانے والوں کارش لگ گیا جبکہ پاکستان سٹیٹ آئل(پی ایس او) نے کہا ہے کہ کمپنی کی ملکیتی پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی بغیرکسی تعطل کے جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے25نومبر کو ہڑتال کےاعلان سےآگاہی ملتی ہی شہریوں نے پیٹرول پمپس کا رخ کرلیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں نظرآئیں،شہری ہڑتال کی طوالت کے پیش نظر ٹینکی فل کراتےہوئے نظر آئے جس کی وجہ سے بعض پیٹرول پمپوں پر پیٹرول ختم ہو گیا ۔دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 25 نومبر صبح چھ بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کے اعلان کے بعد لاہور میں بعض پٹرول پمپس نے خود ساختہ طور پر پٹرول کی قیمتوں میں چھ سے سات روپے اضافہ کر دیا ہے اور فی لیٹر پٹرول 153 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ،بعض پٹرول پمپس پر شہریوں اور عملے کے درمیان بحث و مباحثہ اور تلخی بھی دیکھنے میں آئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا اور نہ ہی پٹرول کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کو قانونی شکنجے میں لایا گیا ہے ۔

پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں ہمارے وہ تمام پیٹرول پمپس جو کمپنی کے زیر ملکیت اور زیر انتظام ہیں، بدستور کھلے رہیں گے اور معمول کے مطابق کام کریں گے۔پی ایس او نے اس حوالے سے کمپنی کی زیر ملکیت چلنے والے پیٹرول پمپس کی فہرست بھی جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان بھر میں ایسے پمپس کی تعداد صرف 23 ہے جن میں سے سب سےز یادہ سات پمپس کراچی میں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں