حکومت دور افتادہ علاقوں کی ترقی پر خاص توجہ دیگی ،جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا،وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کی وفود سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر ) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ حکومت دور افتادہ علاقوں کی ترقی پر خاص توجہ دیگی ۔جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔سب کو ساتھ لیکر چلیں گے تاکہ ترقی یافتہ کشمیر کو ممکن بنایا جا سکے ۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار تحریک تحفظ حقوق لوئربیلٹ حلقہ بلوچ کے چیئرمین شاہد جمیل، جنرل سیکریٹری ملک اختر شہباز ، سنئیر ممبران سردار امتیاز انجم، سلیم شاہین، راجہ طارق، سردار مہتاب اکرم ، ملک طلعت محمود، شکیل قریشی سے گفتگو کرتے ہوے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران حلقہ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس ، کھڑاند کراس تا نالیاں بالونیاں 8 کلومیٹر سڑک کی ری کنڈیشننگ ، تعلیمی اداروں اور صحت عامہ اور دیگر اداروں کے بنیادی مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی گئی ۔وزیر اطلاعات نے وفد کو یقین دلایا کہ ان منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔دریں اثناء سینئر صحافی جاوید اعوان، تحصیلدار راجہ ایاز احمد نثار،رہنما اوور سیز ملک حفیظ سمیت حلقہ بلوچ کےایک اور وفدنے بھی اسلام آباد میں وزیر اطلاعات ، قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی سے ملاقات کی اور علاقے میں جاری مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں