اوور سیز کشمیریوں کو بھی ووٹ کا حق دلانے کے لیے وزیر اعظم آزاد کشمیر اسمبلی سے قرارداد منظو رکرائیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب جبکہ پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل گیاہے لہذا اب آزادکشمیر کے بیرون ملک بسنے والے تارکین وطن کو بھی ووٹ کا حق ملنا چاہیے کیونکہ بیرون ملک کشمیریوں نے ہی نہ صرف مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر زندہ رکھا ہوا ہے بلکہ وہ پاکستان کی معیشت میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

آزادکشمیر میں ویسے بھی میری اور اس وقت کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر سے طے ہو چکا تھا کہ بیرون ملک کشمیریوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا لہذا اب میں حکومت اور اپوزیشن سے کہوں گا کہ وہ فوری طور پر اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دلانے کے لئے قانون ساز اسمبلی سے قرار داد پاس کروائیں تاکہ وہ حکومت اور آزادکشمیر کے معاملات میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر سکیں۔ کیونکہ یہ انتہائی نا انصافی کی بات ہے کہ اوورسیز کشمیری نہ صرف آزادکشمیر بلکہ پاکستان کی معیشت کو بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور انہیں ہی ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ہم پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اب یہ بھی ضروری ہے کہ اوورسیز کشمیریوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اوورسیز کشمیریوں کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفد میں چوہدری خادم آف بر منگھم اور چوہدری مقصود آف برٹن آن ٹرنٹ شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو فوری طور پر ووٹ کا حق ملنا چاہیے اور اس سلسلے میں اب اوورسیز کشمیری دیکھ رہے ہیں کہ آزادکشمیر میں ان کو ووٹ کا حق دینے میں کون رکاوٹ ہے۔ لہذا وہ ان پر نظر رکھیں اور ان پارٹیوں کا خود احتساب کریں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close