انتخابی اصلاحات کی قانون سازی، حکومت مطمئن لیکن اتحادی جماعتیں ووٹ نہ دینے کےمؤقف پر قائم

اسلام آباد (پی این آئی) انتخابی اصلاحات پر وفاقی حکومت کی مجوزہ قانون سازی کے لیے وزراء کی طرف سے اطمینان بخش صورتحال کی پریس کانفرنس کے باوجود اتحادی جماعتیں اپنے مؤقف پر قائم ہونے پر مصر ہیں۔ مسلم لیگ ق کے ترجمان سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے حق میں ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا ہے

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں بھی اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے جس پر وزیر اعظم نے تحفظات دور کرنے کی ایک بار پھر یقین دہانی کروائی ہے، لیکن پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ووٹ دینے یا نہ دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات اپنی جگہ قائم ہیں۔ تاہم حکومت کو ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پرویز الہی کریں گے۔

اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنماء اقبال محمد علی نے کہا کہ ایم کیو اکم پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے ایک بار پھر اپنے تحفظات رکھ دیے ہیں، لیکن حکومتی وزراء کی جانب سے تحفظات دور ہونے اور حکومتی بلز کے حق میں ووٹ دینے سے متعلق پارٹی کی سطح پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close