آزاد کشمیر وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی، وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق کی ملاقات، جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیار برقرار رکھتے ہوئے بروقت مکمل کیا جائے گا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی اور وزیر تعمیرات عامہ اظہر صادق کی ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال،ترقیاتی کاموں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا جن کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے تحریک انصاف کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کشمیری عوام کے اعتماد پر پورا اترا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت احتساب پر یقین رکھتی ہے قومی دولت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان سے قومی دولت واگزار کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ایکٹ کے کالے قانون کو ختم کر کے حکومت نے پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کیلیے امید کے دئیے روشن کئے ہیں وہ اپنی اہلیت اور صلاحیت کے مطابق آگے بڑھ سکتے ہیں اور متعلقہ فورمز پر اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے اور اپنے خاندان اور معاشرے کے لئے اپنا بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہر یقین رکھتی ہے جس کے لئے پالیسیاں ترتیب دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت،پولٹری،لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے جس کے لئے سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں