وزیراعظم آزادکشمیر کا ضلع جہلم ویلی کا مختصر دورہ، شاندار استقبال کے بعد چناری بازار میں کارکنوں سے خطاب

جہلم ویلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر کا ضلع جہلم ویلی کا مختصر دورہ،ہٹیاں بالا اور چناری سمیت مختلف مقامات پر کارکنان کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا گیا،وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور تحریک انصاف کے رہنما سید ذیشان حیدر کی قیادت میں کارکنان نے وزیر اعظم کو ویلکم کیا۔کارکنان نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے وزیر اعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

ڈھول کی تھاپ پر کارکنان نے بھنگڑے ڈالے۔ ہٹیاں بالا میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ تنہا نہیں، آزاد کشمیر اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں، عمران خان پوری دنیا میں ان کی موثر وکالت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت اور ریاست کی ترقی کا مشن لیکر اقتدار میں آئی،ہماری تین ماہ کی کارکردگی اپوزیشن کے پانچ سالہ دور سے بہتر ہے۔

سابق وزیراعظم کے حلقہ انتخاب کی حالت دیکھ کر حیرت ہوئی، نہ تعلیمی ادارے بنے نہ صحت کی سہولیات پر توجہ دی گئی، سیرسپاٹوں پر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی تحریک انصاف کے تمام کارکنان و عہدیداران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دیوان علی خان چغتائی اور چوہدری رشید نے جس انداز میں کام شروع کر رکھا ہے اس پر ان کی شاباش بنتی ہے انکی وجہ سے حکومت کی نیک نامی ہو رہی ہے۔ ذیشان حیدر بہترین سیاسی کارکن ہے اور اپنے حلقے کی بھرپور نمائندگی کررہا ہوں۔

اس موقع پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور سید ذیشان حیدر نے بھی خطاب کیا۔ ہٹیاں بالا کے بعد چناری میں بھی وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم کو چناری بازار سے بڑے جلوس کی صورت میں چناری پل پر لایا گیا۔ چناری بازار میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کر دیا ہے، لائن آف کنٹرول کے علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے، میرا تعلق بھی ایل او سی سے ہے،ایل او سی کے عوام کے مسائل سے آگاہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت نے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام شروع کر دیا ہے، وزیر اعظم پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخی میگا ترقیاتی پیکج دینے جا رہے ہیں جس سے آزاد خطہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چناری گراؤنڈ کو اپ گریڈ کریں گے، ہٹیاں بالا یونیورسٹی کیمپس کی اراضی کا مسئلہ بھی جلد حل کریں گے۔دورہ جہلم ویلی کے دوران یونیورسٹی کیمپس جہلم ویلی کے طلبہ کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی کیمپس کی عدم تعمیر کے حوالے سے آگاہ کیاجس پر وزیر اعظم نے کہا ہے کہ انشااللہ کیمپس کی تعمیر سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

وزیر اعظم نے ہٹیاں بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر محمد اخلاق خان کے بڑے بھائی مشتاق خان کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر جاکر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں