اسلام آباد (پی این آئی) برطانیہ نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے چینی کورونا ویکسیز سائنو فارم ،سائینویک ،کویکسین کو بھی منظورشدہ فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان میں برطانوی سفیر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے برطانیہ نے سائنوفارم ،سائینویک ،کویکسین کوبھی منظورشدہ فہرست میں شامل کرلیا۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نئی سفری نرمی کا اطلاق 22 نومبر سے ہو گا۔ 22 نومبر سے سائینویک ،سائنو فارم ،کوویکسین کو بھی تسلیم کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کی منظور شدہ ویکسینز میں برطانیہ کی تیار کردہ ویکسین ایسٹرازینیکا، جونسنز اینڈ جونسنز، امریکی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین موڈرنا اور فائزر شامل تھیں۔یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال کر ایمبر لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔ برطانوی حکومت نے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے پاکستان کا نام خارج کر دیا تھا۔
پاکستان سمیت کل 8 ممالک کا نام ریڈ لسٹ سے خارج کیا گیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، کینیا، عمان اور بنگلہ دیش کو بھی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔ کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ گذشتہ 5 ماہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کیلئے بہت مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سے ہی عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ نے سفری پابنديوں کی درجہ بندی بھی کردی جبکہ نئے فيصلوں کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔
ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد پاکستان کو ایمبر لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ایمبر لسٹ میں موجود پاکستان سے جانے والے مسافروں کو 10 روز تک گھر میں قرنطینہ کرنا ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں