شاہ رخ خان کے بیٹے کو تاوان کے لیے اغواء کرنے کی سازش کی گئی تھی، ایک سیلفی نے کام خراب کر دیا، بھارتی وزیر کے دعوے نے تہلکہ مچا دیا

ممبئی (پی این آئی) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے کہا ہے کہ شاہ رُخ خان کے صاحبزادے آریان خان کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن ان کا کھیل ایک سیلفی کی وجہ سے خراب ہو گیا۔ بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھڑے پر اغوا کے منصوبے کا حصہ ہونے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ اس کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ موہت کمبوج کا ہاتھ ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آریان خان جیسے لوگوں کو جہاز پر بلا کر انہیں منشیات کے کیس میں پھنسانے کے لیے سازش کی گئی تھی۔ نواب ملک نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک عدالت میں کہا گیا تھا کہ آریان خان نے کسی کروز کی ٹکٹ نہیں لی اور وہ وہاں نہیں گئے۔ وہ پراتیک گابا اور امیر فرنیچر والا کی وجہ سے گئے تھے۔ میں سیدھا سیدھا کہنا چاہتا ہوں کہ یہ اغوا اور تاوان کا معاملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے لیڈر موہت کمبوج کے کسی جاننے والے نے ’جال بچھایا تھا۔ آریان خان کو وہاں لے جایا گیا۔ اغوا اور 25 کروڑ تاوان کا ایک کھیل شروع ہوا اور 18 کروڑ انڈین روپے کی ڈیل ہوئی۔ 50 لاکھ انڈین روپے ادا کیے گئے۔ لیکن ایک سیلفی نے کھیل خراب کر دیا اور یہ سچ ہے۔
نواب ملک نے کسی کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ پرائیویٹ تفتیش کار کے پی گوساوی کی آریان خان کے ساتھ سیلفی کی طرف تھا، جو ریڈ کے بعد وائرل ہوئی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں