مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے قیام، میرٹ کی بحالی اور احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ سابقہ حکومت کی خرابیوں کو درست کررہے ہیں۔پی ایس سی کو فعال بنا کر میرٹ کو یقینی بنائیں گے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو ریاست کے عوام کی خدمت کا مو قع فراہم کریں گے۔
ماضی کی طرح اپنوں کو نواز ا نہیں جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ وہ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے تاریخی پیکج دینے جا رہے ہیں۔ یہ پیکج خطہ کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ بہترین حکمت عملی کے ساتھ آزادکشمیر میں 500ارب سے میگا پراجیکٹس شروع کرینگے۔ جن سے یہاں ترقی اور خوشحالی کا کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ سیاحت، صحت،تعلیم اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کا آغاز ہو چکا ہے۔
تمام اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر یں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرصحت نثار انصر ابدالی، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر اور مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے انتخابی منشور پر من و عن عمل ہو گا۔ عام انتخابات میں عوام سے کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کریں گے۔ ایڈہاک ایکٹ کا خاتمہ، فور جی سروس کی فراہمی، ویمن پولیس سٹیشن کا قیام،فرانزک لیب سمیت کئی انتخابی وعدوں پر عمل ہو چکا ہے۔ دیگر انتخابی وعدوں پر بھی جلد عمل ہوتا ہوا دیکھائی دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتایہی وجہ ہے کہ میری ترجیحات میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد سر فہرست ہے۔ بلدیاتی الیکشن وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کروائیں گے۔نوجوانوں اور خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دیں گے۔ وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ فاشسٹ مودی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ہر ایک ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ کشمیریوں نے تحریک آزادی کے لیے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں جن کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پاک فوج نے ہمیشہ کشمیریوں کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں،کشمیری قوم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں دنیا بھر میں کشمیریوں کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں۔ اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتا۔ ہم آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں