اسلام آباد (پی این آئی ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی بنی گالا اسلام آباد میں ون آن ون تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کی ہرحال میں دو ٹوک حمایت جاری رکھی جائے گی۔ ہم نے انٹرنیشنل فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو جارحانہ انداز میں اُٹھا کر مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اپنے حالیہ دورہ برطانیہ اور یورپ کی رپورٹ پیش کی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور ان کی ممبران پارلیمنٹ اور وہاں کے تھنک ٹینک سے ملاقاتوں کو سراہا اور کہا کہ دو سال سے مسئلہ کشمیر پر جس طرح سے کشمیر ی ڈائسپورہ غیر متحرک تھا وہ اب متحرک ہو گا ہم اس سلسلے میں اپنی کوششیں ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے ججز کی آٹھ خالی آسامیوں پر ہونے والی مشاورت پر بھی بریفنگ دی اور وزیر اعظم پاکستان کو بتایا کہ ہماری خواہش ہے کہ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی جلد مکمل ہو تاکہ عوام کو جلد انصاف مل سکے اسی طرح انہوں نے آزادکشمیر کی پانچ یونیورسٹیز کو فنڈنگ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزادکشمیر کے سیاسی معاملات پر بھی بریفنگ دی اور آزادکشمیر کے لئے ترقیاتی پیکج پر بھی گفتگو کی گئی جس پر وزیر اعظم پاکستان نے ترقیاتی کاموں پر دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کی خصوصی نگرانی بھی کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں