لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین کا کرایہ بڑھانے کی تیاری کرلی، ٹرین کا کم از کم کرایہ 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 70 روپے ہوگا، نئے کرایہ نامہ کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اورنج لائن ٹرین کے لیے نئے کرایہ نامہ کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔سمری میں اورنج لائن ٹرین کے کرائے بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اپنی سمری میں تجویز دی ہے کہ اورنج ٹرین کا کرایہ اسٹاپ کے لحاظ سے مقرر کیا جائے گا، ٹرین کا کم از کم کرایہ 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 70 روپے ہوگا، اورنج ٹرین کا کرایہ اسٹیج وائز ریشنلائز ہوگا، بتایا گیا ہے کہ پہلے اسٹاپ کا کرایہ 20 روپے اور آخری اسٹاپ کا کرایہ 70 روپے ہوگا، اورنج ٹرین کا کرایہ اسٹاپ کے لحاظ سے مقرر کیا جائے گا۔دوسری جانب ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں0.67 فیصد اضافہ ہوا، جس کے باعث مہنگائی کی مجموعی شرح 15.21 پر پہنچ گئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 28 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، ایک ہفتے میں 3 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ ہوا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 72 روپے کا اضافہ ہوا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت 2489 تک پہنچ گئی، گھی کی قیمت میں10 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔
اسی طرح ایک ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کمی آئی، پیاز کی قیمت میں بھی 2 روپے کمی آئی ہے۔مزید برآں وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمت اور فروخت کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی کی قیمت140روپے تک پہنچ گئی ہے، 90 سے 140 روپے فی کلو ہے، ملک کے مختلف حصوصی میں چینی کی قیمتیں مختلف ہیں۔ پشاور، کوئٹہ، خضدار، حیدرآباد، لاڑکانہ میں چینی 140 روپے فی کلو اور اسلام آباد 100 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں فی کلو چینی 90 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں