آزاد کشمیر بلوچ کوسٹر حادثہ، حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کوفی کس تین لاکھ روپے کی امدادی رقم دے گی، وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی کا اعلان

بلوچ (آئی این پی)آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی ایڈوکیٹ نے بلوچ کوسٹر حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلیے حکومت کی جانب سے فوری طور پر تین تین لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا۔وزیر اطلاعات نے حادثے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

وزیر اطلاعات بعد ازاں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کیلیے بھی گئے۔وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ المناک حادثے میں بڑی تعداد میں مسافر شہید ہوئے جن میں بچے ،جوان، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ لواحقین کے لئے بہت مشکل ٹائم ہوتا ہے جب انکے پیارے ان سے اسطرح بچھڑ جائیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔سردار فہیم اختر ربانی ایڈوکیٹ نے کہا حکومت آزاد کشمیر اس الم ناک حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ابتدائی مرحلے میں شہداکے لواحقین کی مدد بھی کریں گے۔اس سلسلہ میں سردار فہیم اختر ربانی ایڈوکیٹ نے تین تین لاکھ روپے ابتدائی طور پر لواحقین کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ مزید امداد بھی کریں گے ۔زخمی ہونے والوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

سردار فہیم اختر ربانی ایڈوکیٹ نے ایک روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ جمعرات کو ضلع سدھنوتی میں پرچم مکمل طور پر سرنگوں رہے گا۔سردار فہیم اختر ربانی نے مزید کہا کہ ہم سارے دعا گوہیں کہ اللہ پاک شہدا کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر عطا کرئے اور جو زخمی ہیں اللہ انکو جلد صحت عطا فرمائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں