اسلام آباد(پی این آئی) حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات طے پاگئےہیں۔ جس کے بعد ملک میں پٹرول پمپس کی بندش کا خطرہ ٹل گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت پٹرولیم اسلام آباد میں حکومت کی طرف سے وزیر پٹرولیم حماد اظہر، سیکرٹری پیٹرولیم، ڈی جی آئل اور چیئرمین اوگرا نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے تفصیلی مذاکرات کیے۔
6 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں حکومت ڈیلرز کے 6 فیصد تک ڈیلرز مارجن بڑھانے پر رضا مند ہوگئی، ڈیلرز مارجن بڑھانے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے سیکرٹری پٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ جو کابینہ اور ای سی سی سے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری لے کر ڈیلرز کو آگاہ کرے گی۔ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیدران کا کہنا تھا کہ عارضی طور پر ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے پانچ نومبر کو اب ہڑتال نہیں ہوگی لیکن اگر حکومت نے 17 نومبر تک اپنے وعدے پر عمل درآمد نہ کروایا تو 20 نومبر سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کردیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں