پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں چھلانگ، کونسی پوزیشن پر آگئی؟ شاندار خبر

لاہور (پی این آئی)جامعات کی عالمی رینکنگ کرنے والے سب سے معتبر ادارے کیو ایس نے ایشیا کی جامعات کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں پنجاب یونیورسٹی کو شاندارکامیابی کامظاہرہ کرتےہوئےصرف تین سالوں میں 87 درجے کی بہتری حاصل کرتےہوئےایشیاءمیں 145 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمدنےکہاکہ2018 ءکی ایشین رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی کی ایشیاکی بہترین جامعات میں 232ویں پوزیشن تھی جبکہ2022ءکی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی ہرسال مسلسل ترقی کرتےہوئےایشیاءکی بہترین جامعات میں145 ویں نمبر پرآ گئی ہے، علاوہ ازیں 2018 میں پنجاب یونیورسٹی ایشیاءکی بہترین 55 فیصد جامعات میں شامل تھی جبکہ 2022ء کی نئی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی ایشیا ءکی بہترین 22 فیصد جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے عالمی رینکنگ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پنجاب یونیورسٹی 2018 ءمیں دنیا کی بہترین 78 فیصد جامعات میں شامل تھی جس کی رینکنگ میں تین سال کے مختصر عرصے میں 16 فیصد ترقی ہوئی، نیچر پبلشنگ نے نیچرل سائنسز میں جامعہ پنجاب کوپاکستان میں نمبرون قرار دیا۔

یاد رہے کہ 1869ء کو قائم ہونے والا نیچر پبلشنگ گروپ مکملن پبلشرز لمیٹیڈ کا حصہ ہے جو کہ برطانیہ میں 1843 میں قائم ہوا اور اس گروپ کے تحت اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے سائنسی تحقیقی جرائد شائع کئے جاتے ہیں ۔وائس چانسلر نے کہا کہ گڈ گورننس اور تحقیق کے فروغ کے باعث پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ ہرسال بہتر ہو رہی ہے، پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13مضامین عالمی رینکنگ میں شمار کئے گئے،پنجاب یونیورسٹی کا شعبہ پٹرولیم انجینئرنگ دنیا کے بہترین 100سے 150اداروں میں شامل ہے،ایسی تحقیق پر توجہ دے رہے ہیں جو ملک اور معاشرے کے مسائل حل کر سکے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے بہت سے ایسے تعلیمی اقدامات کئے ہیں جن کی وجہ سے بین الاقوامی ادارے پنجاب یونیورسٹی کی بہتر درجہ بندی کر رہے ہیں۔انہوں نے رینکنگ میں بہتری پر چیئرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر خالد محمود کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ ، ملازمین و طلباءکی مشترکہ کوششوں سے رینکنگ میں بہتری آئی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں