ملکی موجودہ صورتحال: پاکستان علماء کونسل کا علماء و مشائخ سے رابطوں کا سلسلہ شروع

لاہور (آن لائن) ملک کی موجودہ صورتحال پر پاکستان علماء کونسل نے علماء و مشائخ سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ پاکستان علماء کونسل نے مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک لبیک راستے کھول دے اور مذاکرات کو مثبت سمت پہنچانے کی کوشش کرے ، تشدد مسائل کا حل نہیں ہوتا ، تشدد کی بنا پر قائم تحریکیں قائم نہیں رہتیں، ہر مسلمان رسول اکرم کی ناموس رسالت و عقیدہ ختم نبوت کا چوکیدار ہے ،

علماء و مشائخ سے رابطوں کا ا?غاز کیا ہے ، تحریک لبیک کی قیادت حکومت کے ذمہ داروں سے 24 گھنٹے میں مل کر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان سعودی عرب تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب کی قیادت کے شکر گزار ہیں ، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اندر جو صورتحال ہے اس پر پاکستان علماء کونسل کے پلیٹ فارم سے ہم نے کوشش کی ہے کہ مذاکرات سے معاملات کو حل کیا جائے ، تشدد ، راستے بند کرنا ،

توڑ پھوڑ کرنا، لوگوں کو نقصان پہنچانا ، سلامتی کے اداروں کے افراد کو نشانہ بنانا، پولیس کو نشانہ بنانا ، یہ خون جو بہا ہے یا بہہ رہا ہے وہ خواہ کسی جماعت کے کارکن کا ہو یا پولیس والوں کا ہو یہ نقصان پاکستان کا ہے۔ پاکستان علماء کونسل نے تمام مکاتب فکر کے قائدین سے رابطوں کا سلسلہ شروع کیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کریں ، حکومت نے کہا ہے کہ جو مطالبات آئے ہیں اس پر بات چیت کرنے اور کچھ مطالبات ماننے کو بھی تیار ہیں۔ کسی کو بھی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے جس نے بھی کلمہ پڑھا ہے ،ہر مسلمان رسول اکرم کے ناموس رسالت و عقیدہ ختم نبوت کا چوکیدار ہے ، ہمارا سب کچھ ہمارے آقا علیہ الصلوٰۃ السلام کی عزت ، ناموس اور عقیدہ ختم نبوت پر قربان ہے۔ تشدد کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتا مذاکرات کی طرف جانا چاہیے ،

متشدد تحریکوں کا انجام ساری دنیا نے دیکھا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ ، او آئی سی ، دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اسلامک فوبیا اور ناموس رسالت کے مسئلہ پر نہ صرف بات کی ہے بلکہ پاکستان کی قرارداد کے اوپر او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے متفقہ طور پر اس قرار داد کی توثیق کہ اقوام متحدہ میں مقدسات کی توہین پر قانون سازی کی جائے۔ ملک بھر کے علماء و مشائخ التماس کرتے ہیں کہ راستے کھولے جائیں ، مذاکرات کیے جائیں ، معاملات کو افہام تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں ، سعودی عرب نے مالی اور تیل کے معاملات میں جو تعاون کیا ہے اس پر سعودی عرب کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، جلد سعودی عرب سے سرمایہ کاروں کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آ رہا ہے ، وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب بہت کامیاب رہا ہے ، سعودی عرب کی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے مشکل حالات کا ساتھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی و استحکام پاکستان کی سلامتی و استحکام ہے ، سعودی عرب کی قیادت اور ارض حرمین شریفین ہمارے لیے خط احمر ہے ، پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کی ہے اور سعودی عرب کی سلامتی ، دفاع اور استحکام کیلئے ہم سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں