مظاہرین کا احتجاج۔۔ پشاور، راولپنڈی سے لاہور آنے جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ ریلوے نے مظاہرین کے احتجاج کے باعث پشاور، راولپنڈی سے لاہور آنے جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلانے کا فیصلہ کرلیا، پشاور اور راولپنڈی سے آنے اورجانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، لاہور روانہ کیا جارہا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے پشاور، راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور اور راولپنڈی سے آنے اورجانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، لاہور روانہ کیا جارہا ہے۔ ترجمان ریلوے نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4 بج کر 30 منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6 بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12بج کر30 منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے آج کے لیے معطل کیا گیا ہے۔گرین لائن کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے آج کے روز معطل کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے کے سسٹم پر چلنے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں طے شدہ ایجنڈے کے نکات کے علاوہ ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

کالعدم جماعت کے احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، پشاور جی ٹی روڈ بھی بند کردیا جائے گا، مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔مظاہرین کو روکنے کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوا لیکن عدالت کا وقت ختم ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر چلنے والا معاملہ فوری ختم ہونا چاہیے، تحریک لبیک والے مسائل میں اضافہ نہ کریں، ہمارے نبی ؐ تو کہتے ہیں راستے سے کنکر بھی ہٹا دینے چاہئیں۔ اب روز روز کا تماشا ختم ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں