یوم سیاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی قیادت میں ریلی، عباسپور پل سے اے سی آفس تک ہزاروں افراد کا زبردست احتجاج

عباسپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں عباسپور پل سے اے سی آفس تک ہزاروں افراد کی ریلی۔ وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی سمیت سیاسی، کاروباری اور سماجی شخصیات نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ عباسپور کی فضا بھارت مردہ باد، مودی فاشسٹ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ ریلی کے شرکاء کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں بھی خوب نعرے بازی۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے یوم سیاہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج اتار کر عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیری، ہمارے اسلاف اور قبائلی مجاہدین نے جرات و بہادری کیساتھ بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، بھارت بھاگ کر اقوام متحدہ گیا لیکن وہاں سے جو قراردادیں پاس ہوئیں، آج تک ان پر عمل نہیں کیا، ایل او سی کے قریب کھڑا ہو کر دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ کشمیری اپنا حق لیکر رہیں گے۔

بھارت کو بھی خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اپنے مذموم عزائم سے باز رہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان، مسلح افواج اور قیوم نیازی کے ہوتے ہوئے کشمیر کا سودا نہیں ہو سکتا۔مسلح افواج اور ایل او سی پر بسنے والوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جنھیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ بھارت کی نو لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے،آج کے دن کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں جو بھارت کے مظالم کا سامنے گزشتہ سات دہائیوں سے ڈٹے ہوئے ہیں، انٹرنشنل فورم پر بھارت بار بار اپنا منہ کالا کر رہا ہے، عالمی برادری ہوش کے ناخن لے اور بھارت سے کشمیریوں کو ان کا حق حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر اور وکیل بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں،

وزیراعظم پاکستان نے ایل او سی سے وزیر اعظم بنا کر کشمیریوں کا محسن ہونے کا ثبوت دیا، انہوں نے کہا کہ آج بیرسٹر سلطان محمود بطور صدرِ ریاست دنیا بھر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے ہم بارڈر کے اس پار کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، آزاد کشمیر کا بچہ بچہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور جب تک مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب نہیں ہو جاتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی کا کہنا تھا کہ ایل او سی سے تعلق رکھنے والا وزیراعظم ایل او سی پر کھڑے ہو کر جہاں بھارت کو للکار رہا ہے وہیں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی حوصلہ دے رہا ہے کہ میں آپ کا دکھ سمجھتا ہوں اور بھرپور انداز میں آپ کی آواز بنوں گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close