مولانا صاحب حکومت کہیں نہیں جارہی، فی الحال آپ انتظار فرمائیں، پیغام پہنچا دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب! حکومت کہیں نہیں جا رہی، عالمی صورتحال سامنے ہے معاملے کی سنگینی کو سمجھیں، مولانا فضل الرحمان کی ہمیشہ عزت کی اور عزت کرتا رہوں گا۔تفصیلات کے مطابق آج اسلام آبار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عالمی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی ہمیشہ عزت کی اور عزت کرتا رہوں گا ، انہیں معاملے کی سنگینی کو سمجھنا چاہیے، مولانا صاحب! حکومت کہیں نہیں جا رہی ہے۔شیخ رشید نے پنجاب میں 2 ماہ کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں رینجرز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کررہا ہوں، 6 بج کر35 منٹ پر رینجرز تعینات کررہا ہوں، پنجاب حکومت جہاں چاہے رینجرز کو استعمال کرسکتی ہے،کالعدم جماعت کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے اور 70زخمی ہوگئے ہیں، 70زخمی اہلکاروں میں 8اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے ، کراچی کی طرز پر آرٹیکل 147کے تحت رینجرز کو تعینات کررہے ہیں، فرانسیسی سفیر پاکستان میں نہیں ہیں، فرانس کے سفارتخانے کو بند نہیں کرسکتے، یہ چھٹی بار احتجاج کیلئے آرہے ہیں، اصل مسئلہ کچھ اور ہے، ٹی ایل پی پاکستان میں کالعدم ہے ، بین الاقوامی سطح پر پابندی لگ سکتی ہے، غیرملکی طاقتیں پاکستان پر پابندیاں لگانا چاہتی ہیں،کالعدم جماعت سے کافی مذاکرات کیے، مطالبہ ہے وہ واپس چلے جائیں آج بھی وعدے پر قائم ہوں۔

اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات نشریات فواد چودھری نے بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آج فیصلہ ہوا ہے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا،کوئی تنظیم پاکستان کو کمزور ریاست سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ کالعدم جماعت کی کسی بھی صورت میں غیر قانونی کارروائیاں برداشت نہیں کریں گے، 6 بار تماشا لگ چکا ہے، ریاست نے صبرکا مظاہرہ کیا، ہم نہیں چاہتےکہ لوگوں کا ناحق خون بہے، یہ لوگ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، ریاست نے ان کیخلاف بہت صبر کا مظاہرہ کیا،ریاست کے صبر کی بھی حد ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں