مہنگائی کا توڑ مِل گیا، وزیراعظم عمران خان نے پاکستانیوں کو سب سے بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنا رہی ہے، عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، کمزور طبقات کو براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی سے معاشی طور پر مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیائے ضروریہ پر احساس ٹارگٹڈ سبسڈی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی ڈاکٹرثانیہ نشتر نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹارگٹڈ سبسڈی کے نظام پر پیشرفت اور حتمی شکل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں،حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے، براہ راست سبسڈی سے معاشی طور پر کمزور طبقے کو مدد ملے گی۔مزید برآں مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی سمیت اعلی ٰحکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکاء کو ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1.38 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 15 میں استحکام رہا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں دستیاب ہے۔ مشیر خزانہ نے سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں مہنگا آٹا فروخت ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔مشیرخزانہ شوکت ترین نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں گنے کی کرشنگ کے سیزن کاآغاز 15 نومبر سے ہورہا ہے، مشیر خزانہ نے گنے کی امدادی قیمت کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی کہ سندھ میں گنے کی کرشنگ کا سیزن وقت پر شروع کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں