لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم آفس سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی منظوری دی۔ وزیراعظم عمران خان نے سمری کے پیرا 6میں افسروں کے پینل سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا تقرر کیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق 20نومبر 2021سے ہوگا اور موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19نومبر تک فرائض انجام دیں گے۔وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جبکہ یہ ملاقات انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کمان کی تبدیلی کے وقت سے متعلق جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔ترجمان کے مطابق ملاقات نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی سلیکشن کیلئے جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ مشاورتی عمل کے دوران وزارت دفاع سے افسران کی فہرست موصول ہوئی اور وزیراعظم نے تمام نامزد افسران کے انٹرویو کئے۔ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا فائنل راونڈ ہوا اور تفصیلی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کی منظوری دی گئی۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی 20نومبر2021کو چارج سنبھالیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ پر ہوئی۔واضح رہے کہ وزارت دفاع کی سمری میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ، چیف آف لاجسٹک اسٹاف جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے نام آئی ایس آئی کے سربراہ کی تعیناتی کیلئے تجویز کیے گئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے جاری بیان کے مطابق 6اکتوبر کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)تعینات کیا گیا تھا،یہ نوٹیفکیشن آئی ایس پی آر کے اعلان کے 20روز کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close