صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا یوم سیاہ کے موقع پر پیغام

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ہندوستان نے اپنے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر کی پاک دھرتی پر رکھے اور اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکرکشمیریوں کے حقوق سلب کرتے ہوئے غیر قانونی قبضہ کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع کیا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کردیا گیا۔

کشمیر پر اپنے ناجائز تسلط کو قائم رکھنے کے لئے ہندوستان گزشتہ سات دھائیوں سے اپنی قابض فورسز کے ذریعے ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے۔ خطے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کوکشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہندوستان کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں۔

1947میں ہندوستان خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لیکر گیا اور کشمیریوں سے وعدہ کیا کہ اس مسئلہ کو استصواب رائے سے حل کیا جائے گا لیکن کشمیریوں کو انکا حق دینے کی بجائے ہندوستان گزشتہ سات دھائیوں سے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا کر تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔ہندوستان نے پانچ اگست2019 کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور حریت قیادت کو نظر بند کیاہوا ہے۔ کشمیری جوانوں کو عقوبت خانوں میں رکھا گیا ہے، آئے روز کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے، بچے اور بزرگ بھی ہندوستان کے ظلم و بربریت سے محفوظ نہیں۔ ہندوستان کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں نے اپنے عزم و استقلال سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے غیر قانونی تسلط کو کسی صورت قبول نہیں کرتے اور اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک ہندوستان کے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر کی پاک دھرتی سے اکھڑ نہیں جاتے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کوا نکا بنیادی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں