برمنگھم (پی این آئی) صدرآزادجموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری آزادکشمیر کا یوم تاسیس اس تجدید عہد کے ساتھ منا رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہم اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ دنیا بھر میں کشمیری ہر فورم پر ان کی آواز پہنچائیں گے اور ہم مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اورظلم کی سیاہ رات کا جلد خاتمہ ہو گا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہو گا اور مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد آزاد ہو گا۔
میں جہاں دنیا بھر میں کشمیر کی آزادی کے لئے کام کر رہا ہوں وہاں پر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے بھی ہمہ وقت کوشاں ہوں تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برمنگھم میں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت چوہدری خادم حسین نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری خادم حسین نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری 27اکتوبر کو لندن میں بھارتی سفارتخانے سے 10ڈاؤننگ اسٹریٹ تک ہونے والے مظاہرے اور مارچ میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند آر ایس ایس کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر مسلح کشمیریوں کو پچھلے ڈیڑھ سال سے گھروں میں بند کیا ہوا ہے،
آرٹیکل370اور 35-Aکو ختم کر کے غیر ریاستی باشندؤں اور سابق بھارتی فوجیوں کو مقبوضہ ریاست میں آباد کیا جا رہا ہے اور کشمیرمیں اُن کو رہائشی کالونیاں بنا کر دی جا رہی ہیں اور مقامی کشمیریوں کو اُن کی زمینوں اور گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ بھارت کے اس گھناؤنے ہتھکنڈے کے خلاف جو کشمیری آواز بلند کرتا ہے تو بھارتی قابض افواج انہیں پہلے گرفتاراور پھر جیلوں میں بند کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔خواتین کی عصمت دری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے اورانہوں نے یورپ میں بسنے والی کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند کریں اور دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں تاکہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت ہمارے کشمیری بہن بھائیوں پر ظلم بند کرے اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرے۔ اس سلسلے میں لندن میں 27اکتوبر کو ہونے والے مظاہرے میں برطانیہ بھر سے کشمیری سیاسی،سماجی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیں کہ ہمارے چاہے آپس میں جتنے بھی اختلافات ہوں ہم مسئلہ کشمیر پر ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جبر واستبدادکا جلد خاتمہ ہو گا اور مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد آزاد ہو گا۔ اس موقع پر برطانیہ کی آل پارٹیز کمیٹی نے لندن میں 27اکتوبر کو ہونے والے مظاہرے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سلسلے میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں متحد ہیں اور اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری ماجد اسماعیل، بیرسٹر کرامت حسین، چوہدری امجد حسین، چوہدری شہزاد، چوہدری غفور، چوہدری نوید اور دیگر بھی موجود تھے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں