پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) دو‘دو ہاتھ کرنے کو تیار، ایک اور دنگل سج گیا، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہوراین اے133 میں انتخابی دنگل کی تاریخ کا اعلان کردیا، ضمنی انتخاب لڑنے کیلئے21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 نومبر اور واپسی 11 نومبر تک ہوسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے133 ضمنی انتخاب کے انتخابی دنگل کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے133 میں ضمنی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے رہنماء جمشید اقبال چیمہ، مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز، پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل سمیت21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ان امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 30 نومبر تک طلب کرلیا گیا ہے۔ان میں جو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینا چاہے گا، وہ امیدوار11 نومبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔حلقے میں انتخاب 5 دسمبر کو ہوگا، الیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے باعث یہ نشست خالی ہوئی ہے، 2018 میں اس حلقے سے پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے الیکشن لڑا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی جمشید چیمہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے،وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کو این اے 133 میں ضمنی الیکشن لڑنے کیلئے پارٹی امیدوار نامزد کردیا ہے۔ جس پر جمشید اقبال چیمہ نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ اسی طرح مسلم لیگ ن نے مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز کو ٹکٹ جاری کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں