خورشید شاہ جمہوریت کے نہیں بلکہ زرداری کرپشن نیٹ ورک کے وفادار ہیں

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ جمہوریت کے نہیں بلکہ زرداری کرپشن نیٹورک کے وفادار ہیں‘تاریخ میں پہلی بار طاقتور مجرم کو قانون کے تابع کیا گیا، جمہوریت کے جعلی چیمپئن خورشید شاہ نے فرنٹ مین ’پہلاج مل‘ کے نام پر سکھر، روہڑی اور کراچی میں 83 جائیدادیں بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار طاقتور مجرم کو قانون کے تابع کیا گیا، جمہوریت کے جعلی چیمپئن خورشید شاہ نے فرنٹ مین ’پہلاج مل‘ کے نام پر سکھر، روہڑی اور کراچی میں 83 جائیدادیں بنائیں۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کا ڈرامہ رچانے والے پر 500 ارب روپے کے غیر قانونی اثاثوں کا الزام ہے، فرنٹ مین اور ملازمین کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنانے والے معصومیت کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مزید کہا ہے کہ خورشید شاہ جمہوریت کے نہیں زرداری کرپشن نیٹ ورک کے وفادار ہیں، زرداری کے زیرِ تسلط پیپلز پارٹی کی سیاست کرپشن کیلئے کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت پر ان کو مبارکباد دی تھی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت نے نیب کے ساتھ مل کر خورشید شاہ کو دوسال قید میں رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا تھا کہ خورشید شاہ کے پورے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا مگر انہیں جھکایا اور ڈرایا نہ جاسکا ، کرپشن کے جعلی مقدمات کی آڑ میں خورشید شاہ کو دراصل جمہوریت سے وفا کی سزا دی گئی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مقدمے میں بغیر کسی پیش رفت کے خورشید شاہ کو قید میں رکھ کر دراصل پی ٹی آئی نے اپنے خلاف مزاحمت کی توانا آواز کو دبانے کی کوشش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں