چینی ، آٹا، دالیں اور سبزیاں سستی، وفاقی وزیر اطلاعات نے اچھی خبر سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، دالوں، سبزیوں، چینی اورآٹے کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں، کرشنگ سیزن شروع ہوا تو چینی مزید سستی ہوجائے گی۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم نے احساس پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا بلدیاتی انتخابات کی تیاری کیلئے شیڈول جاری کیے جائیں، وزیراعظم نے پارٹی لیڈرشپ کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی، حکومت مہنگائی سے نمٹنے کیلئے اقداما ت کررہی ہے، وزیراعظم آنے والے دنوں میں بڑے پروگراموں کا اعلان کریں گے، فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم نے احساس پروگرام سبسڈی اسکیم کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، خیبرپختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی اسکیم میں حصہ دار بننے کو تیار ہیں، گلگت بلتستان اور کشمیر نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے، سندھ اور بلوچستان بھی سبسڈی اسکیم میں حصہ دار بننا چاہیے۔ فواد چودھری نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی ریلیزمیں تاخیرکر رہی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے اجراء میں تاخیر کے باعث وہاں آٹا زیادہ مہنگا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نسبت سندھ میں 20 کلو آٹا 400 روپے مہنگا ہے۔

رواں سال گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوگی، کاٹن کی پیداوار گزشتہ سال سے60 فیصد زائد ہے۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ رواں سال ہماری گنے کی پیدوار تاریخی ہوگی۔ آٹا اور چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے، کرشنگ سیزن شروع ہوا تو چینی مزید سستی ہوجائےگی۔ دالوں، سبزیوں، چینی اورآٹے کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماوٴں کے اجلاس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل ، رکشہ اور عوامی سواری کوپٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔مہنگائی میں کمی کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ سندھ میں اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی ہے، سندھ میں آٹے کی قیمت نیچے نہیں آرہی، انشاء اللہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، ایک ہفتے میں مہنگائی میں کمی آجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close