”اب شادی اور عشق اپنے ہی شہر میں کیجیے، پیٹرول بہت مہنگا ہو چکا” سوشل میڈیا پر صارفین نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد (پی این آئی)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںہوشربا اضافے کے بعد صبح سے ہی سوشل میڈیا اور خاص طور پر ٹوئٹر پر صارفین اس حوالے سے اظہار خیال کر رہے ہیں۔ایک صارف نے وزیر اعظم عمران خان کی ماضی کی حکومت کے خلاف ایک تقریر میں سے کچھ حصہ ویڈیو کی صورت شیئر کیا جس میں عمران خان کہہ رہےکہ جب حکمران کرپشن کرتا ہے، وہ آپ کے اوپر ٹیکس لگاتا ہے اس کی چوری کی قیمت ہم مہنگائی کے ذریعے ادا کرتے ہیں۔اقصیٰ جمالی نے لکھا کہ

آہستہ آہستہ یہ قیمت ہزار روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔ایک صارف نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے پیش نظر یہ مشورہ دیا ہے کہ اب شادی اور عشق اپنے ہی شہر میں کیجیے، پیٹرول بہت مہنگا ہو چکا ہے۔ان پاپولر نامی صارف نے عمران خان کی تقریر کا صرف ایک جملہ شیئر کیا جس میں انھوں نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان کو رلائوں گا۔یاد رہے کہ حکومت نے بجلی اور یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور آئل کی قیمتوں میں اضافے کے

بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتایا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق اگلے 16روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد اب عوام کو پیٹرول 137 روپے 79 پیسے

فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 134 روپے 48 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ساتھ ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسےفی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل قیمت میں 8 روپے 84 پیسے فی لیٹر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے اس اضافے کے بعد مٹی کا تیل 110 روپے 26 پیسے فی لیٹر ، لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 5روپے 90پیسے فی لیٹر تک بڑھانے کی تجویز کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق ملکی تاریخ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں ۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں کھانے پینے والی اشیاء اور کرایوں میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close