جماعت اسلامی نے مہنگائی کے طوفان، حکومت کی ناکامی اور نااہلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا

لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مہنگائی کے طوفان، حکومت کی ناکامی اور نااہلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کو مسترد کرتے ہیں ،حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے ،جماعت اسلامی اتوار سے ملک گیر احتجاج کا آغاز کر رہی ہے ،قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھرپور طریقے سے جماعت اسلامی کے مظاہروں میں شرکت کرے ، پورا ہفتہ ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں ہوںگی۔

مزدوروں، کسانوں کو متحد کرکے احتجاج میں شامل کریں گے۔ مزدور تنظیموں، وکلائ، ٹرانسپورٹ تنظیموں سے رابطے کیے جائیں گے۔ ظلم کی انتہا ہوگئی، حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قوم کو ظلم اور انصافی کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔ عوام کا مقدمہ ہر سطح پر لڑیں گے۔ میڈیا ظلم کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ کارکنان جماعت اسلامی عوام سے ہر سطح پر رابطے کریں۔ جلسوں اور ریلیوں میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو گھر جائیں۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ پٹرول کا ایک لٹر138 روپے کا ہوگیا ہے، جبکہ دوسری جانب ایک غریب مزدور اتنی دہاڑی نہیں کما رہا۔

ڈیزل کی قیمت میں تیرہ روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں نوروپے فی لٹر اضافہ کردیا گیا۔ حکمرانوں کا ظلم عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو گیا ہے۔بجلی کی قیمت ڈیڑھ روپے فی یونٹ بڑھا دی گئی۔ حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم پر مکمل تابعداری دکھائی ہے۔ عملا ملک پر آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ قرضوں کے پہاڑ کے نیچے دب کر ملک کی معیشت کا ستیا ناس ہو گیا ہے۔ سوا تین سالوں میں حکمرانوں نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ وزیراعظم کے مدینہ ریاست کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ حکمرانوں کی پالیسیاں عذاب سے کم نہیں۔ غریب، درمیانے طبقہ کی قوتِ خرید جواب دے گئی۔ گزشتہ تین برسوں میں ادویات کی قیمتیں 14بار بڑھیں۔

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں تین سالوں میں سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا۔ کسان، مزدور، سرکاری ملازم سب پریشان ہیں۔ ڈی اے پی کھاد کی بوری تین ہزار سے سات ہزار پر چلی گئی۔ زرعی ادویات، زرعی مشینری کی قیمتیں چھوٹے کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔ وڈیروں اور مافیاز کا راج ہے۔ ملکی تاریخ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے سبھی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اشرافیہ نااہل اور اپنے مفادات کی اسیر ہے۔حکومت کو عوام کے دکھوں اور پریشانیوں کا رتی برابر ادراک نہیں۔قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات چاہیے۔ جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھرپور تحریک جاری رکھے گی۔

حکمران اشرافیہ کو گھر بھیجیں گے، انھیں عوام پر ظلم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔ قوم کو اسلامی فلاحی پاکستان چاہیے۔ ملک پر مسلط طبقہ صرف عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ غریبوں کے مسائل کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ پاکستان کی منزل قرآن و سنت کا نظام ہے۔ صرف نظام مصطفیؐ ہی سے پاکستان کی مشکلات دور ہوسکتی ہیں۔ ہمیں کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام، سودی معیشت اور اس کے محافظوں سے نجات چاہیے۔ جماعت اسلامی پرامن جمہوری جدوجہد سے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرے گی۔ قوم آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کردے اور ملک کو عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close