10 ہزار تنخواہ کمانے والا کیا کھائے گا ؟ عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں،شہباز شریف

لاہور(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دے دیا ۔بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول مہنگا ہونے پر رد عمل میں شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ،مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے

،عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں،رعایتی نمبرملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ،مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ،پٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانامظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ،ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی ، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟

غریب آدمی مرگیا ہے، کہاں جائے ؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟10 ہزار تنخواہ پانے والاکیاکھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 173 روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی ، یہ تھی آپ کی صداقت؟پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟مہنگائی بڑھنے ، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، قوم کو یہ سمجھ آچکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close