فیصل آباد اور شنگ ڈائوکے مابین سسٹر سٹی معاہدہ طے

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کے شہر فیصل آباد اور چین کے شہرشنگ ڈاو کے مابین سسٹر سٹی معاہدہ طے پا گیا ہے،دونوں ممالک کی سسٹر سٹیز کے مابین معاہدے سے صنعتی تعاون،دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعاون، بزنس ٹو بزنس تعاون، کلچراور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون ہوگا۔

جمعہ کو اس حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق، چین کے شہر چنگ دا کے مئیرژا ہازی،کمشنر فیصل آبادتقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ، چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق،چین کے سفیر، سسٹر سٹی کے مئیر،دونوں ممالک کے حکام کو اس تقریب میں شرکت پرخوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک)فلیگ شپ منصوبہ یے،پاکستان ہر عالمی فورم پر چین کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سسٹر سٹیز کے مابین معاہدے سے صنعتی تعاون،دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعاون، بزنس ٹو بزنس تعاون، کلچراور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری دعوت پر چین کے سابق سفیر ژائو جنگ نے فیصل آباد کے دو روزہ دورہ میں کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں، زرعی یونیورسٹی کا دورہ اور دیگر سرگرمیوں کا حصہ بنے اور جس کا مقصد دو طرفہ تعاون یقینی بنانا ہے،اسی دورہ کے دوران میری درخواست پر سسٹر سٹی معاہدے پر کام کا آغاز ہوا اور موجودہ چینی سفیر نونگ رونگ نے اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنایا۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد صنعتی شہرہے جہاں بہترین روڈ انفراسٹرکچر، زرعی زمین اور علامہ اقبال اقتصادی زون ہے،فیصل آباد شہر کے ساتھ سسٹر سٹی معاہدے پر پاکستان میں چین اور چین میں پاکستان کے سفیر،میئر اور میونسپلٹی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سسٹر سٹیز معاہدے کو مزید موثر بنانے کے لئے چین کے شہر مئیرژا ہازی کو پاکستان دورہ کی دعوت دیتے ہیں۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں چنگ ڈا اور فیصل آباد سسٹر سٹی کے درمیان معاہدے کی تقریب میں شریک ہوں، چین، شنگھائی تعاون تنظیم لوکل اکنامک اینڈ ٹریڈ کوآپریشن ڈیمونسٹریشن زون اور فیصل آباد اقبال انڈسٹریل پارک کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب کا حصہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سسٹر سٹی تعاون شہری سفارت کاری کا ایک اہم ذریعہ اور چین پاکستان تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے، دونوں ممالک کے رہنماں کی مشترکہ رہنمائی کے تحت، چین اور پاکستان نے صوبوں اور شہروں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے دس سے زائد پیئرز بنائے ہیں،امید ہے کہ چنگ ڈا اور فیصل آباد سسٹر سٹی، تعلقات قائم کرنے کے لیے دوستی پل کا کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close