قومی اسمبلی میں ڈاکٹر عبد القدیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قراردادمتفقہ طور پر منظور

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی مشترکہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔قرار داد میںکہاگیا کہ یہ ایوان محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان مرحوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتاہے ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قومی نقصان ہے،انہوں نے نامساعد حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ایٹمی سائنسدان نے ذاتی زندگی میں ایسی قربانیاں دیں جن کی مثال نہیں ملتی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس کے دوران محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد پیش کی گئی۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے لائی گئی دو الگ الگ قراردادوں کو یکجا کرکے ایوان میں پیش کیا۔قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان تھے۔ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کو دفاع کو مضبوط کیا، یہ ایوان ڈاکٹر صاحب کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کرتا ہے،یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔قرار داد کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات قومی نقصان ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے نامساعد حالات میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ انہوں نے ذاتی زندگی میں ایسی قربانیاں دیں جن کی مثال نہیں ملتی۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان محسن پاکستان تھے، قائداعظم نے ملک بنا کر دیا، ڈاکٹر عبدالقدیر نے دفاع کو ناقابل تسخیربنانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردارادا کیا،یہ ایوان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت کے لئے دعا گو ہے۔ ان کی پاکستان کے لئے خدمات کو سراہتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان ناقابل تسخیر دفاع کا حامل ملک بنا۔ محسن پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پوری قوم اراکین اسمبلی اور مسلح افواج پاکستان وطن کے دفاع اور سالمیت کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔(رڈ)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close