جتنا مرضی جادوئی گلاس اٹھا کر دائیں بائیں گھوم لیں کرپشن کا حساب دینا ہو گا،وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد (آئی این پی)وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جتنا مرضی جادوئی گلاس اٹھا کر دائیں بائیں گھوم لیں کرپشن کا حساب دینا ہو گا،مریم نواز کے پاس سیاسی طور پر کہنے کو کچھ نہیں بچا، اصل مقدمہ ان کا اپنا کیس ہے جسے انہوں نے تین سال سے چلنے نہیں دیا، مریم نواز بتائیں 2006میں کیلیبری فونٹ کیسے ایجاد ہو گیا؟

شریف خاندان کی تاریخ کرپشن اور اداروں کو کمزور بنانے کی ہے،شریف خاندان نریندر مودی کے نقش قدم پر چل رہا ہے ۔بدھ کو وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جتنا مرضی جادوئی گلاس اٹھا کر دائیں بائیں گھوم لیں کرپشن کا حساب دینا ہو گا،

کرپشن کے مال سے لندن فلیٹس کی سزا ، قطری خط، کیلیبری فونٹ سے ختم نہیں ہو گی، مریم نواز کے پاس سیاسی طور پر کہنے کو کچھ نہیں بچا، اصل مقدمہ ان کا اپنا کیس ہے جسے انہوں نے تین سال سے چلنے نہیں دیا، ایک سال سے مریم نواز اپنے کیس میں 12 سے زائد بار التواء لے چکی ہیں، مریم نواز بتائیں 2006میں کیلیبری فونٹ کیسے ایجاد ہو گیا؟بتائیں کہ جنتر منتر سے ان کے بھائیوں نے اربوں کی جائیدادیں کیسے بنا ڈالیں،وہ کونسی طوطا فال تھیں جس سے مریم نواز قطری خط لے آئیں، کیا مریم صفدر ایون فیلڈ محلات کی بینیفیشنری اونر بھی طوطا فال کے ذریعے بنی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جنتر منتر اور طوطا فال کا حساب شریف خاندان کو دینا پڑے گا،

عدالتوں سے ان کو سزائیں ہوئی ہیں،نواز شریف بھگوڑے بن کر لندن کی ٹھنڈی ہوائوں کے مزے لے رہے ہیں، شریف خاندان چوروں اور ڈاکوئوں کا ٹولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی تاریخ کرپشن اور اداروں کو کمزور بنانے کی ہے،شریف خاندان نریندر مودی کے نقش قدم پر چل رہا ہے، پاکستان کی سلامتی کے ضامن اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔(اح+ع ح)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close