پستول کی گولیوں کے ساتھ ایک کروڑ بھتے کی پرچی، تاجروں میں دہشت پھیلانے والا ملزم دھر لیا گیا

کراچی (پی این آئی) پستول کی گولیوں کے ساتھ ایک کروڑ کے بھتے کی پرچی بھیجنے والا دہشت گرد پکڑا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہرکے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک تاجر کے گھر پر پستول کی گولیوں کے ساتھ ایک کروڑ روپے بھتے کی پرچی بھیجنے والے ملزم کو سی آئی اے پولیس نے منظور کالونی میں کارروائی کر کے گرفتار کر لیا ہے، ملزم اس سے قبل بھی 6 مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

اس حوالے سےکراچی میں سی آئی اے پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سینئر سپرنٹینڈینٹ عارف عزیز نے بتایا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے مصروف ترین کاروباری علاقے جوڑیا بازار میں چائے پتی کے ایک تاجر کے ثقلین کے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں واقع گھر کے ملازم کو ایک ملزم نے ایک لفافہ دیا تھا جسے کھول کر دیکھا گیا تو اس میں سے نائن ایم ایم پستول کی دو گولیاں اور ایک پرچی برآمد ہوئی تھی جس میں تاجر ثقلین سے ایک کروڑ روپے بھتہ مانگا گیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ 909/2021 فیروز آباد تھانے میں درج کرایا گیا تھا اور مقدمے کی تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو منتقل کر دی گئی تھی۔ ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق ملزم نے بعد ازاں بذریعہ ٹیلی فون کال کر کے تاجر سے بھتہ بھی طلب کیا تھا، ایس آئی یو کی ٹیم نے کارروائی کے دوران ملزم کا سراغ لگا کر منظور کالونی میں چھاپہ مار کر ملزم محمد بلال کو گرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق ملزم پہلے بھی 6 مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close