مہنگائی دنیا بھر میں بڑھ رہی ہے، صدر عارف علوی مہنگائی کی لہر کا دفاع کرنے میدان میں آ گئے، پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی پیروی کا مشورہ بھی دے دیا

اسلام آباد (پی این آئی) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی ملک کے اند ربڑہتی ہوئی مہنگائی کی لہر کے دفاع میں نکل آئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں بڑھ رہی ہےاور یہ کہ پاکستان مہنگائی سے متاثر ہونے والا واحد ملک نہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے ملک بھر میں مہنگائی کے سونامی کا رونا رونے والی اپوزیشن کا پروپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے دنیا بھر کے معاشی مسائل سے پردہ ہٹا دیا۔ عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشتیں زبوں حالی کا شکار ہیں۔

انٹرویو کے دوران صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں تبدیلی لانے کیلئے فعال کردار ادا نہیں کر رہا بلکہ ہم صرف انسانی بنیادوں پر نئی حکومت کی ہر ممکن امداد کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہماری حکومت ملک بھر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتی ہے تاکہ معاشی مسائل حل ہوسکیں۔ متحدہ عرب امارات کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کی پیروی کرکے پاکستان معاشی میدان میں آگے بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر اور دبئی کی بندرگاہیں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے باہم تعاون کرسکتی ہیں۔ گوادر پورٹ کو رواں برس مکمل طور پر آپریشنل کر لیا جائے گا ۔جس سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں