پاکستان میزائل بنا سکتا ہے تو موبائل فون، ٹرک اور جہاز کیوں نہیں؟ ڈاکٹر عبدالقدیر کی وہ خواہشات جو پوری نہ ہو سکیں

لاہور (پی این آئی) سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اربابِ اختیار نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم سے ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں لیا، اگر ان سے کام لیا جاتا تو پاکستان بہت سی ایجادات کرسکتا تھا۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت نوکیا نے موبائل فون بنا کر اربوں ڈالر کمائے تو میں نے ان سے کہا کہ آپ اتنے بڑے سائنسدان ہیں کیا آپ موبائل فون نہیں بنا سکتے؟ اس پر ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ اگر ملک میں میزائل اور ایٹم بم بن سکتے ہیں تو موبائل فون تو بہت چھوٹی چیز ہے، وہ تو گاڑیاں ، جہاز اور ٹرک بھی بنانا چاہتے تھے لیکن اربابِ اختیار نے ان کی بات نہیں مانی۔مجیب الرحمان شامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر کا ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے ایک بار ایک بہت بڑے صنعتکار کو پاکستان میں ٹرکوں کا کارخانہ لگانے کیلئے راضی کیا۔ اس کے بعد وہ اس صنعتکار کو لے کر جنرل عارف کے پاس گئے۔ جنرل صاحب نے بڑی آؤ بھگت کی اور صنعتکار کو رخصت کرکے ڈاکٹر صاحب کو روک لیا، اس کے بعد جنرل عارف نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب آپ کن سرمایہ کاروں کے چکروں میں پڑے ہوئے ہیں، ان کو چھوڑیں۔سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ہمارے اربابِ اختیار اگر ڈاکٹر صاحب کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے تو بہت سی ایجادات کرسکتے تھے، انہیں کو اس بات کا بڑا افسوس تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں