قومی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے دو قبروں کا انتظام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی ہیرو ڈاکٹرعبدالقدیرخان کیلئے دو قبریں تیار کی جارہی ہیں ، تدفین کا حتمی فیصلہ ان کے اہلخانے کے مطابق ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو سرکاری اعزاز کے مطابق دفنایا جائے گا ۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصل مسجد اور ایچ ایٹ قبرستان دونوں جگہ پر تدفین کے لیے

انتطامات کیے جارہے ہیں۔ تدفین کا حتمی فیصلہ ان کے اہل خانہ وزیراعظم کیساتھ مشاورت سے کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق وزیراعظم سمیت کابینہ وزراء کو نماز جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدقین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پورے قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا اور ان کی نماز جنازہ ان کی وصیت کے مطابق پڑھائی جائے گی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام انتظامات اہلخانہ کے ساتھ ملکر کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور قومی ہیرو کی نماز جنازہ 3 بج کر 30 منٹ پر ادا کی جائے گی جبکہ تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں کی جائے گی۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے قریب کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی، ڈاکٹروں نے ایٹمی سائنسدان کو بچانے کی پوری کوشش کی تاہم صبح 7 بج کر 4 منٹ پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں