کراچی (پی این آئی) پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف مرحوم کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد کے ہسپتال بنانے کے خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں، حکومت اس معاملے میں مدد کرے۔ عمر شریف مرحوم کا سوئم کراچی میں ہوا، جس میں اُن کے عزیز و اقارب، دوست احباب، رشتے دار، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا کہ میرے والد کو جس اعزاز کے ساتھ سب نے رخصت کیا اس پر شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد کے ہسپتال بنانے کے خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں، حکومت اس سلسلے میں مدد کرے۔واضح رہے کہ شدید علالت کے بعد گزشتہ دنوں لیجنڈ کامیڈین عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974ء میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980ء میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔عمر شریف ٹی وی، سٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔انہوں نے تقریباََ 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، سٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں