اسلام آباد (پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان کو دنیا کی چوتھی امیر ترین شخصیت اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ٹیلی فون کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کوششوں سےآگاہ کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے بل گیٹس کو بتایا کہ پاکستان میں اس سال پولیو کا 1 کیس رپورٹ ہوا ہے، ملک میں پولیو کیسز میں
نمایاں کمی آئی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پولیو سے نمٹنے کے لیے کوششیں ابھی جاری ہیں، حکومت ملک میں پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔بل گیٹس نے پولیو کی روک تھام کے لیے کوششوں پر وزیرِ اعظم عمران خان کی تعریف کی اور انہیں پولیو کے خاتمے کے لیے پروگرام اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔بل گیٹس نے کہا کہ بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کے خاتمے کے پروگرام جاری رکھیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، افغانستان کو مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔بل گیٹس سے وزیرِ اعظم عمران خان نے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔بل گیٹس نے پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری پر وزیرِ اعظم عمران خان کو مبارک باد دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں