ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکہ، 3 گھنٹے تک ریل گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی، گرین لائن کو کتنے گھنٹے بعد روانہ کیا گیا

سکھر (آئی این پی ) سکھر میں کوٹ لالو کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا جس سے پٹڑی کو نقصان پہنچا اور اپ ٹریک بلاک ہوگیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث ٹریک ٹوٹ گیا۔ دھماکے سے تھوڑی دیر قبل مسافر ٹرین گزری تھی۔ ایس ایس پی ریلوے سکھر امجد منظور نے بتایا کہ اپ ٹریک پر کریکر کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ ٹریک تین گھنٹے بعد بحال کر کے گرین لائن کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے 4930 جیل وارڈن کی بھرتی کی منظوری دے دی

لاہور (آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قیدیوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے خاتمے کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت جیل نظام میں اصلاحات کے لئے اجلاس ہوا جس میں پریزن پیکیج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر جیلوں کے لئے 1037 عملے کی بھرتی کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے 4930 وارڈن کی بھرتی کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے جیلوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خالی آسامیاں پر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عثمان بزدار نے پریزن پیکیج کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے حکم دیا ہے کہ قیدیوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کیلئے درکار بجٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قیدیوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے خاتمے کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں، قیدی پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی ہوم اور انٹرٹینمنٹ چینل دیکھ سکیں گے۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو بریفنگ دی گئی کہ قیدی فون پر دوران کال کوڈ دبا کر اپنی شکایت کا اندراج کرواسکتے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قیدیوں کی 489 شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہیں، جیلوں کی ویڈیو مانیٹرنگ سے خلاف ضابطہ عمل پر 705 انکوائریاں کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزرا قانون راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلی حکام موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں